نئی دہلی، 31 اکتوبر (یو این آئی) ملک بھر میں عدم رواداری اور مذہبی تعصب و تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات کے سبب ملک کے مختلف طبقوں میں پیدا ہونے والے خدشات اور سماج میں پیدا ہونے والے بے چینی کے ماحول کے درمیان وزیر اعظم نریندر مودی نے آج مرد آہن سردار ولبھ بھائی پٹیل کو ان کی سالگرہ پر نذرانہ عقیدت پیش کرتے ہوئے ریاستوں کے مابین ثقافتی ہم آہنگی کے نظریے پر زور دیا
اور ہندوستانی معاشرے کی کثیر ثقافتی شناخت کو ملک کی سب سے بڑی قوت قرار دیا۔
سردار پٹیل کی 140 ویں سالگرہ پر ہندوستان کی وحدت کے تئيں ان کی کاوشوں کی ستائش کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے اعلان کیا کہ وہ 'ایک ہندوستان، عظیم ہندوستان' کی اسکیم شروع کریں گے جو ریاستوں کے درمیان ایک دوسرے کی ثقافت کی بہتر مفاہمت کو فروغ دینے کا کام کرے گی۔